چہلم حضرت امام حسینؓ، فول پروف سیکیورٹی پر آئی جی پنجاب کا سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین
لاہور:
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات پر پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے تعاون اور تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے مذہبی اجتماع پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے بتایا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے دوران صوبے بھر میں 730 مجالس اور 420 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے کسی بھی علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) اور ٹریفک پولیس کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور اہلکاروں نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزرا، مشیران اور عوامی نمائندوں کی مؤثر رہنمائی سیکیورٹی انتظامات کو کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوئی جبکہ اسپیشل برانچ، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پنجاب پولیس کے تمام آپریشنل یونٹس کی پیشہ ورانہ کارکردگی بھی قابلِ تحسین ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔
انہوں نے شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، دیگر سیکیورٹی اداروں اور میڈیا کے مثبت کردار پر بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اسی جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔
پی این پی