بقایاجات ادا نہ کرنے اورگالیاں دینے پرورکر نے طیش میں آکر فیکٹری کو آگ لگادی‘ 24 کروڑ کا نقصان
سورت (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں معمولی رقم کے تنازع نے سنگین صورت اختیار کرلی، جہاں مبینہ طور پر سابق ملازم نے تنخواہ کے 10 ہزار روپے نہ ملنے اور سابق مالک کے مبینہ ناروا رویے سے دلبرداشتہ ہوکر ٹیکسٹائل مارکیٹ میں آگ لگادی، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا سامان جل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ سورت کے سرولی علاقے میں واقع شم سنگینی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں 9 ستمبر کو پیش آیا۔ ابتدا میں آگ لگنے کی وجہ حادثہ سمجھی گئی، تاہم پولیس کی تحقیقات آگے بڑھنے پر مبینہ طور پر معاملہ آتش زنی کا نکلا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 33 سالہ ونود ساولے کو گرفتار کیا ہے، جو مہاراشٹرا کے ضلع دھولے کا رہائشی اور مذکورہ مارکیٹ کے ایک تاجر کے پاس سابق اکاؤنٹنٹ بتایا جاتا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ونود ساولے اپریل 2026 سے تاجر کے ہاں ماہانہ 30 ہزار بھارتی روپے تنخواہ پر ملازمت کررہا تھا۔ ملازمت ختم ہونے کے بعد اس کے تقریباً 10 ہزار روپے واجب الادا رہ گئے تھے، جن کی ادائیگی میں مبینہ تاخیر پر وہ سابق آجر سے ناراض تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ ملازمت بھی ملزم اپنے مالک اور ایک دوسرے اکاؤنٹنٹ کے رویے سے ناخوش تھا۔ تفتیش کے مطابق تنخواہ کے بقایاجات اور سابقہ رنجش نے مبینہ طور پر اسے انتقامی قدم اٹھانے پر آمادہ کیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر پٹرول حاصل کیا اور سابق آجر کی دکان کے باہر رکھے کپڑے کے سامان کو آگ لگادی۔ ٹیکسٹائل کا وافر ذخیرہ ہونے کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور قریبی دکانیں بھی لپیٹ میں آگئیں۔
فائر بریگیڈ کی متعدد ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا، جبکہ امدادی اور کولنگ آپریشن تقریباً 14 گھنٹے تک جاری رہا۔
آتش زدگی سے مارکیٹ کی 17 دکانوں میں موجود کپڑا اور دیگر سامان تباہ ہوگیا۔ پولیس اور متعلقہ حکام کے مطابق مجموعی مالی نقصان کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 24 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے، جبکہ سابق آجر کو پہنچنے والے براہِ راست نقصان کی مالیت تقریباً 6 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس نے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مارکیٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا۔ تحقیقات کے مطابق واقعے کے بعد ونود ساولے سورت سے باہر چلا گیا تھا، تاہم واپسی پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اس کا مقصد سابق مالک کو سبق سکھانا تھا۔ تاہم اس اقدام کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات جاری رکھتے ہوئے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.