News Views Events
Apna Watan

چیئرمین واپڈا کی چائنا گزوبہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین سے ملاقات

0
چیئرمین واپڈا کی چائنا گزوبہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین سے ملاقات،
داسو پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ –
داسو پراجیکٹ کی تعمیر میں تیزی لانے کیلئے اضافی وسائل مہیا کئے جائیں، چیئرمین واپڈا کی چینی کمپنی کو ہدایت
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) سے چائنا گزوبہ گروپ آف کمپنیز(سی جی جی سی) انٹرنیشنل کے چیئرمین ژانگ جن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پراجیکٹ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ حکام نے منصوبے کی اہم سائٹس پر مقررہ اہداف اور پیش رفت بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان کی انرجی سکیورٹی کیلئے اہم منصوبہ ہے اور اسے مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ کنٹریکٹر سی جی جی سی انٹرنیشنل پر زور دیا کہ پراجیکٹ پر اضافی وسائل مہیا کئے جائیں تاکہ تعمیراتی کام کی رفتار میں تیزی لائی جا سکے اور اسے ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ امر کنٹریکٹ کی رو سے سی جی جی سی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی اہداف بروقت حاصل کرنے کیلئے واپڈا کنٹریکٹ کے مطابق سی جی جی سی انٹرنیشنل کو بھرپور اعانت فراہم کرےگا۔
سی جی جی سی انٹرنیشنل کے چیئرمین نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پراجیکٹ پر درکار اضافی وسائل مہیا کئے جائیں گے تاکہ تعمیراتی اہداف وقت پر مکمل کئے جاسکیں۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ورلڈ بنک کے مالی تعاون سے خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پراجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 320 میگاواٹ ہے۔ پراجیکٹ کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہوگی۔ واپڈا اس وقت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ تعمیر کررہا ہے۔ پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے پر کام کا آغاز بعد میں کیا جائے گا۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.