Uncategorized
مالی سال 26-2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں کتنا اضافہ ہوا؟

کراچی (3 جولائی 2026): 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مجموعی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 3 کروڑ 79 لاکھ 6 ہزار ٹن تھی، جو مالی سال 26-2025 میں بڑھ کر 4 کروڑ 15 لاکھ 7 ہزار ٹن ہوگئی، یعنی 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
برآمدات کے شعبے میں تاہم 2.19 فیصد کمی دیکھی گئی اور برآمدی حجم گزشتہ مالی سال کے 92 لاکھ 10 ہزار ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 90 لاکھ 8 ہزار ٹن رہا۔ اس طرح مالی سال 26-2025 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے 4 کروڑ 71 لاکھ 16 ہزار ٹن کے مقابلے میں 7.21 فیصد زیادہ ہے۔

