پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ

کراچی(3 جولائی 2026): پاکستان میں سونے کی قیمت اچانک بڑا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا اور چاندی عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں دور ہو گئے۔
جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بیک وقت 12 ہزار 200 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 459 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، اور اب 10 گرام سونا 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے کی سطح پر جا پہنچا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 122 ڈالر کی چھلانگ لگا کر 4 ہزار 185 ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، جس کا براہِ راست اثر پاکستانی مارکیٹ پر پڑا۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی خریدنے والوں کو بھی بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ملک بھر میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں 319 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی کی نئی قیمت 6 ہزار 764 روپے ہو گئی ہے۔



