استنبول:ترک صدرررجب طیب اردوان رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
ترک حکام نے بتایا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان رواں ہفتے پاکستان سمیت متعدد مسلمان ممالک کا دورہ کریں گے جہاں وہ دو طرفہ تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

ترک خبرایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق ترکیے کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹر فریہتین آلتن نے بتایا کہ صدر رجب طیب اردوان رواں ہفتے ملائیشیا، انڈونیشیا اور پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طیب اردوان تینوں ممالک کے سربراہان کی دعوت پر 10 سے 13 فروری کے دوران مذکورہ تینوں ممالک کا دورہ کریں گے۔
فریہتین آلتن نے کہا کہ ترک صدر دورے کے موقع پر دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے اور اہم منصوبوں کے ذریعے تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
ترک عہدیدار نے بتایا کہ اردوان ملائیشیا کے بعد انڈونیشیا اور پاکستان میں اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کی مشترکہ سربراہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دو طرفہ تعلقات کے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں اور صدر اردوان میزبان ممالک کے کاروباری رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
فریہتین آلتن کا کہنا تھا کہ خاص طور پر غزہ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
صدر مملکت کی ترک ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسنبول صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ پرتگال کے دوران ترکیہ میں مختصر قیام کیا، صدر مملکت اور ترک صدر رجب طیب اردگان میں ملاقات استنبول ایئر پورٹ پر ہوئی، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کے دوران دونوں صدور کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں صدور نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیلئے اس وقت پرتگال کے دورے پر ہیں۔