ملتان میں جاپان کے تعاون سے نکاسی آب کی بہتری کے منصوبے کا آغاز
"مجھے امید ہے کہ جاپان کے تعاون سے فراہم کردہ تمام سازوسامان پائیدار طریقے سے استعمال ہوگا، جاپانی سفیر
ملتان، 24 اپریل 2025 — حکومت جاپان کے تعاون سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے تحت "ملتان میں سیوریج اور نکاسی آب کی خدمات کی بہتری کے منصوبے” کی حوالگی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس منصوبے کے لیے 1.236 ارب ین کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔
تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر، جناب اکا ماتسو شوئچی، JICA پاکستان آفس کے چیف رپریزنٹیٹو، جناب ناؤآکی میاتا، اور منیجنگ ڈائریکٹر WASA ملتان، جناب خالد رضا خان نے شرکت کی۔

ملتان میں تیزی سے بڑھتی آبادی اور کچرے کے سبب سیوریج لائنوں کی نکاسی کی صلاحیت کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے اکثر اوقات سڑکوں پر گندا پانی بہہ جاتا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، گندے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کی وجہ سے صحت کے حوالے سے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
اس اہم مسئلے کے حل کے لیے JICA نے WASA ملتان کو ہائی پریشر صفائی گاڑیاں، سلج سکشن وہیکلز، اور نکاسی آب پمپس فراہم کیے ہیں، جن کی مدد سے سیوریج لائنوں اور نکاسی کے نالوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے شہر میں گندے پانی کے اخراج کو روکنے اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔

یہ منصوبہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 6 (صاف پانی اور صفائی) کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر جاپان، جناب اکا ماتسو نے کہا:
"مجھے امید ہے کہ جاپان کے تعاون سے فراہم کردہ تمام سازوسامان پائیدار طریقے سے استعمال ہوگا، اور اس سے حاصل ہونے والا تجربہ عوام کے فائدے میں آئے گا۔”
JICA کے چیف رپریزنٹیٹو جناب میاتا نے کہا:
"ہمیں امید ہے کہ یہ منصوبہ ملتان کے شہریوں کے رہن سہن کے ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔”
جاپانی حکومت اور JICA پاکستان میں شہری صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔