News Views Events

ہنگری میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام بڈاپسٹ میں آرٹ نمائش

0

بڈاپسٹ (رپورٹ نگار حسین )ہنگری میں پاکستانی سفارت خانے نے نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کے اشتراک سے، "مشرق کی کشش : روایات کی عکاس” کے عنوان سے ایک آرٹ نمائش کا اہتمام کیا۔ افتتاحی تقریب 13 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوئی۔ اس نمائش میں پاکستان کے 20 ویژول فنکاروں کے فن پاروں کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا، جس میں پاکستانی فن میں روایت اور جدت کے درمیان مکالمے کو اجاگر کیا گیا۔ سندس اظفر اس آرٹ نمائش کی منتظمہ تھیں۔افتتاحی تقریب میں سفارت کاروں، ہنگری کے عہدیداروں اور فن کے دلدادہ افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر شانڈور فازییکاس نمائش کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے خیرمقدمی کلمات میں پاکستان کے سفیر آصف حسین میمن نے نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کا اس تقریب کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ پاکستان اور ہنگری سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات 60 سال سے بھی پرانے ہیں۔
انہوں نے ثقافتی روابط کے حوالے کے طور پر علامہ اقبال کی ہنگری کے قومی شاعر کے بارے میں نظم کا حوالہ دیا۔ نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کی ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کے جذبے کا تسلسل ہے۔ انہوں نے فیض احمد فیض کا یہ قول پیش کیا کہ جمالیات کی زبان ہر دل میں اتر جاتی ہے۔ آرٹ نمائش کی منتظمہ سندس اظفر نے اپنے کلمات میں کہا کہ اس نمائش میں 20 فنکاروں کے وہ فن پارے پیش کیے گئے ہیں جو یہ دریافت کرتے ہیں کہ روایت قومی شناخت کو کس طرح تشکیل دیتی ہے۔

انہوں نے بڈاپسٹ میں پاکستانی فن کو پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ہنگری کا شکریہ ادا کیا۔ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے اپنی تقریر میں نمائش کی تعریف کی اور کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات باضابطہ طور پر 1965 میں قائم ہوئے تھے، اور تب سے دونوں ممالک سیاسی، معاشی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

انہوں نے ہنگری کی تیل اور گیس کی کمپنی ایم او ایل کے پاکستان کے ہائیڈرو کاربن سیکٹر میں کردار اور اسکالرشپ پروگرام کو تعاون کے اہم عناصر کے طور پر اجاگر کیا۔ یہ بڈاپسٹ میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے منعقد ہونے والی دوسری نمائش ہے جو 22 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی۔ پہلی نمائش ستمبر 2023 میں منعقد کی گئی تھی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.