باکو:وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے باکو میں ملاقات کی۔
صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی، شہباز شریف نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی۔

اُنہوں نے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی فتح کشمیری اور فلسطینی عوام کیلئے اُمید کی کرن ہے۔
دورانِ ملاقات دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا جب کہ شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر اُن کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب آذربائیجان کے صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت خوش دلی سے قبول کرلی، اُنہوں نے آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں الہام علیوف نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

قبل ازیں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علییوو کی دعوت پر آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کے لیے دارالحکومت باکو پہنچ گئے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم کا شاندار استقبال
باکو کے حیدر علیوو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذزربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو، آذربائیجان کے اول نائب وزیر خارجہ فریز رضایوو، آذر بائیجان میں تعینات پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوو سے دو طرفہ ملاقات بھی ہوگی۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر باکو میں ”وکٹری ڈے“کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے اور صدر الہام علیوف سے ملاقات کریں گے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت متنوع شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی راہوں کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد میں پیوست ہیں۔
دونوں ممالک کا برادرانہ تعلق
دونوں ممالک کا علاقائی اور بین الاقوامی فورمز بشمول اسلامی تعاون تنظیم، اقتصادی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں بھی قریبی تعاون برقرار ہے۔ وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔
https://x.com/GovtofPakistan/status/1986791668474065060