News Views Events

ہوم اسٹے کی صنعت اور اس میں جدت

0

 

اعتصام الحق

 

 

 

چھنگداؤ کی سمندری ہوا میں وہی پرانی خوشبو ہے، مگر شہر کے مکانات میں کچھ بدل رہا ہے۔ یہ تبدیلی خاموش ہے، مگر اس کا اثر دور رس ہے۔ چین میں سیاحت ایک بڑی صنعت ہے اور اس سیاحت کا مزہ صحت مند اور جوان انسان ہی نہیں بلکہ  معزور اور بزرگ افراد بھی لیتے ہیں ۔ایسے میں ہوٹل کے علاوہ مختلف مقامات پر ہوم اسٹے  کی سہولیات حاصل کرنا ایک عام رجحان ہے ۔لیکن ہوم اسٹے میں معزور اور بزرگ افراد کے لیے کبھی کبھی مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں کیوں کہ گھروں کی بناوٹ ایک عام رجحا ن کے مطابق ہوتی ہے ۔لیکن اب ہوم اسٹے مالکان ایسی رہائش تیار کر رہے ہیں جہاں وہیل چیئر استعمال کرنے والے مہمان بھی آسانی سے آ سکیں۔ ریمپ،  کم اونچائی والے کچن شیلفس اور ایسے باتھ رومز  جو ہر عمر اور ہر ضرورت کے فرد کے لیے موزوں ہوں ان  مکانات کا خاصہ ہیں ۔ بظاہر چھوٹی سی تبدیلی کئی آسانیاں لئے ہوئے ہے۔

ان بدلتی سوچوں کے پیچھے ایک  خاتون  چُوئی یا مَنگ ہیں ۔ وہ  کہتی ہیں کہ یہ سب انہوں نے  اپنی دادی کے لیے سوچا تھا۔ دادی جن کے لیے اپارٹمنٹ کی سات منزلیں  کئی مشکلات کا سبب تھیں ۔چوئی کا کہنا ہے کہ  اگر اس عمارت میں وہ سہولتیں ہوتیں جو آج  ان کے  ہوم اسٹے میں نظر آتی ہیں، تو  ان کی دادی اپنی عمر کے آخری برس زیادہ آرام سے گزار سکتی تھیں۔ اس احساس نے چُوئی یامنگ  کے دل میں ایک ذمہ داری  پیدا کی ۔

جب چُوئی  یامنگ نے  اپنا گھر سب کے لیے قابلِ رسائی بنایا تو انہیں  اندازہ نہیں تھا کہ ان کا قدم دوسروں  کی سوچ کو بھی بدلے گا ۔ اب ہوم اسٹے  صنعت سے جڑے مالکان  ان  سے رابطہ کر رہے ہیں  اور ڈیزائن کے ساتھ ساتھ  مشورے  بھی لے رہے ہیں ۔ یہ سب صرف کاروبار نہیں۔ یہ چین میں بڑھتی سلور اکانومی، عمر رسیدہ افراد کے لیے بہتر ماحول، اور اس خیال کا حصہ ہے کہ ہر شخص باوقار زندگی کا حقدار ہے۔

یہ ہوم اسٹے محض بستر اور کمرہ  نہیں۔ یہ ایک ایسا ٹھکانہ ہے جہاں آنے والا خود کو گھر کا فرد محسوس کرے۔ اسی لیے  مالکان اپنی  رہائش کو مکمل طور پر قابلِ رسائی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

چین کے تازہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ معذور افراد کی  روزگار اور تعلیم تک رسائی بہتر ہو رہی ہے۔ شاید یہ بھی اسی نئی سوچ کا نتیجہ ہے۔ ایک ایسی سوچ جو صرف عمارتوں کو نہیں بدل رہی، بلکہ یہ تصور بھی بدل رہی ہے کہ سہولت سب  کا حق ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.