اسلام آباد(نمائندہ اپنا وطن ) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے حال ہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، انسانی وسائل کی ترقی، افرادی قوت کے تبادلے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اور ازبکستان کے سفیر نے تعلیم، ہنر مندی کی تربیت اور لیبر تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور بہتر روزگار کے مواقع کو یقینی بنانے کے لیے لیبر معاہدوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے ازبکستان کے سفیر کو وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔