News Views Events
Apna Watan

علامہ اقبال کی فکر ہمارے لیے آج بھی رہنمائی کا سرچشمہ ہے، فوزیہ ناز

0

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری فوزیہ نازنے علامہ محمد اقبال کی 88ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں ملت اسلامیہ کے لیے ان کے عظیم کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر پاکستان کے مستقبل کے لیے آج بھی رہنمائی کا ایک مؤثر اور زندہ سرچشمہ ہے۔

فوزیہ نازنے کہا کہ خودی، اخلاقی قوت، فکری آزادی اور مسلسل جدوجہد پر مبنی اُن کا فلسفہ ہمارے نظامِ تعلیم کی اصلاح، نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، اور اپنے قومی ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
علامہ محمد اقبال کے نزدیک تعلیم محض روزگار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ ذہنی، اخلاقی اور روحانی تربیت کا ایک ہمہ گیر عمل ہے۔ ہم نے اسی فکر کی روشنی میں پاکستان میں ایسا نظامِ تعلیم تشکیل دینا ہے جو کردار، ذمہ داری، تخلیقی صلاحیت اور قومی مقصد کے شعور کو فروغ دے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو قومی ترقی کی محرک قوت قرار دیا،لہٰذا یہ نہایت ضروری ہے کہ اُن کی تربیت، ان کی استعداد کے فروغ، اور تعمیرِ وطن میں مثبت و بامقصد شرکت کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں۔اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان کے ثقافتی ورثے کو بھی فکرِ اقبال کی روشنی میں محفوظ کرنا اور فروغ دینا لازم ہے، تاکہ ہمارا معاشرہ اپنی اقدار سے جڑا رہے اور ساتھ ہی اعتماد کے ساتھ ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج یومِ اقبال کے موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے کوشاں رہیں گے جو علم سے مضبوط، کردار سے رہنمائی پانے والا، ثقافت سے مالامال، اور باستعداد اور سراپا عمل نوجوان نسل کا حامل ہو۔پاکستان پائندہ باد!

Leave A Reply

Your email address will not be published.