معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے دنیا پر پاکستان کی عسکری طاقت ثابت کر دی، اب سیاستدان معیشت پر توجہ دیں: چوہدری سالک حسین
معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط عسکری قوت ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ سیاستدان ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے ملک کو معاشی قوت بنانے پر توجہ دیں۔
— چوہدری سالک حسین
اسلام آباد:
پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کے زیرِ اہتمام مسلم لیگ ہاؤس میں “بنیان المرصوص کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکرٹری جنرل طارق حسن، چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، صدر خیبرپختونخوا انتخاب خان، صدر سندھ سرائے نیاز خاصخیلی، رکن قومی اسمبلی محترمہ فرخ خان، صدر فیڈرل کیپٹل رضوان صادق، جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر، میجر جنرل فرحت ثانی، ائیر وائس مارشل سرفراز خان، میجر جنرل غلام قمر اور سینیٹر ہدایت اللہ خان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم نے بھارت کے مقابلے میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ برداشت، تدبر اور تحمل کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج کچھ عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ صرف وہی پاکستان ہیں، جبکہ ایک صوبے میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو کہتے ہیں کہ انہیں ترقی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فون انہیں آئے گا، مگر عالمی سطح پر بار بار فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے رابطے کیے جا رہے ہیں، جو پاکستان کے وقار اور اہمیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ سیاستدانوں کو چاہیے کہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر معیشت، تعلیم اور نوجوانوں کی تربیت پر توجہ دیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ غزہ اور کشمیر میں جاری مظالم پوری امتِ مسلمہ کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا مہنگائی، ایران امریکہ کشیدگی اور سیاست کی بات کر رہی ہے، مگر غزہ کے مظلوم عوام کو فراموش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں آپس کی لڑائیوں سے نکل کر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کے بعد بیرونِ ملک مقیم پاکستانی فخر سے اپنی شناخت بیان کر رہے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا اور ہم سب نے مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔