اسلام آباد میں اسپیشل اولمپک پاکستان نیشنل گیمز کا آغاز، بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت
اسلام آباد میں اسپیشل اولمپکس پاکستان نیشنل گیمز کا رنگارنگ آغاز ہو گیا جہاں ملک بھر سے بڑی تعداد میں اسپیشل کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
تین روزہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب جناح اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں بچوں نے شاندار پرفارمنس پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
افتتاحی تقریب میں مختلف کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ شرکا نے اسپیشل کھلاڑیوں کے جذبے اور عزم کو بھرپور انداز میں سراہا۔ ایونٹ میں ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد حصہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن اسپیشل اولمپک پاکستان رونق لاکھانی نے کہا کہ نیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر ہونے والی ورلڈ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل کھلاڑی کسی بھی لحاظ سے دوسروں سے کم نہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
شرکا کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں مزید سپورٹ اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
کھلاڑی احتشام نے کہا کہ نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ بہترین کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
تین روز تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں اسپرنٹ ریسز، لانگ جمپ، جیولن تھرو اور دیگر مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
پی این پی