News Views Events
Apna Watan

نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم کا پنجاب میں قبل ازوقت چھٹیوں کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت کا یہ اقدام تعلیمی تباہی اور بچوں کا مستقبل تاریک کرنے کی سازش ہے،ڈاکٹر ابرار حسین ملک

0

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی سنٹرل ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے مرکزی صدرکا خطاب

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجزایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں قبل ازوقت تعطیلات کے اعلان کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو یکسر مسترد کردیاہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی تباہی اور بچوں کا مستقبل تاریک کرنے کی سازش ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکول سے باہر ہیں آئے روز کی چھٹیوں اور سکولوں کی بندش سے یہ تعداد خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی سنٹرل ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک کی زیر صدارت چناب گروپ کالج ایف ایٹ مرکز کے سی ای او انتخاب حسین کی میزبانی میں ہوا،جس میں نائب صدر جاوید اقبال راجہ،سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج،ممبر بی او جی فیڈرل بورڈ اسلام آباد ڈاکٹر رخسانہ خان،سابق ڈائریکٹر فیڈرل بورڈ اسلام آباد ذوالفقارعلی صدیقی،عرفان مظفر کیانی سابق ممبر ڈی آر اے،سید اسرا ر شاہ بخار ی،قاسم عباس،محمد ابراہیم، ملک حفیظ الرحمن،قاری طارق رضوی،عبدالرحیم خان اور سید عابد شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب حکومت کیجانب سے قبل ازوقت چھٹیوں کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر اس اقدام کو چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد کے رہائشی علاقوں کے کمرشل استعمال کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نان کنفرمنگ یوز کی اصلاح سے تعلیمی اداروں کو الگ کیا جائے اور رہائشی علاقوں میں چھوٹے بچوں کے لیے سکول کھولنے کی اجازت دی جائے۔اس موقع پر ڈاکٹر ابرارحسین ملک نے ایسوسی ایشن کی تنظیم نو کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جبکہ میزبان،انتخاب حسین سی ای او چناب گروپ کالج ایف ایٹ نے اجلاس کے شرکاء کی آمد پر ان کاشکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.