News Views Events
Apna Watan

حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی ریلیف کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، وزیراعظم

0

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلیٰ حکومتی، آئینی اور سیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے کر کے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلیفون پر عید کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی سلامتی کے لیے اُن کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں اور افواجِ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی اور قربانیوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے اُن افسران اور جوانوں کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا جو عید کے موقع پر بھی وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد اور نیک تمناؤں پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم و پوری قوم کے لیے عیدالاضحیٰ کی خوشیوں، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ 
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدرِ مملکت، گورنر پنجاب، گورنر بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا، اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر اعلی پنجاب، وزیر اعلی سندھ وزیر اعلی بلوچستان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے عید کی مبارک باد پیش کی۔

اسکے علاوہ وزیراعظم نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین عبدالعلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی اور قومی عوامی پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاو سے بھی ٹیلیفون رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔

گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، امیر جمیعت علمائے اسلام  مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور  امیر جمیعت علمائے پاکستان (نورانی)  شاہ اویس نورانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد دی۔

گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر  تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

 



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.