اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) فیڈرل کیپیٹل ہیومن رائٹس ونگ کے جنرل سیکرٹری محمد عبداللہ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے تیزاب حملے کے افسوسناک اور دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سفاکانہ، غیر انسانی اور ناقابلِ برداشت جرم قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں محمد عبداللہ نے کہا کہ خواتین، بالخصوص شعبہ صحت سے وابستہ افراد پر حملے کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے باعثِ شرم ہیں۔ ڈاکٹر ماہ نور ناصر عوام کی خدمت کے مقدس فریضے کی انجام دہی میں مصروف تھیں اور ان پر اس نوعیت کا بہیمانہ حملہ نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے معاشرے پر حملہ ہے۔
محمد عبداللہ نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ خواتین کے تحفظ اور سرکاری ہسپتالوں میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے سول ہسپتال کوئٹہ کے ملازم عبدالرزاق ترکئی کے لیے سول ایوارڈ کے اعلان کو ایک قابلِ تحسین اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبدالرزاق ترکئی نے واقعے کے دوران غیر معمولی جرات، فرض شناسی اور انسان دوستی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مدد کی اور ہنگامی صورتحال میں مثالی کردار ادا کرتے ہوئے انسانیت کی اعلیٰ اقدار کو زندہ کیا۔
محمد عبداللہ نے کہا کہ عبدالرزاق ترکئی جیسے بہادر اور فرض شناس افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔