اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری فوزیہ ناز نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر سول اسپتال کوئٹہ میں ہونے والے تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انسانیت سوز، بزدلانہ اور ناقابلِ برداشت فعل قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں فوزیہ ناز نے کہا کہ دن دہاڑے ایک خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر عوام کی خدمت کے مقدس شعبے سے وابستہ ہیں اور ان پر حملہ دراصل انسانیت، اخلاقیات اور معاشرتی اقدار پر حملے کے مترادف ہے۔
فوزیہ ناز نے کہا کہ ایسے جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہوتے ہیں اور اس قسم کے واقعات سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا ہے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
نہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو اس آزمائش کا سامنا کرنے کے لیے ہمت و حوصلہ دے۔