کراچی میں شدید گرم و مرطوب موسم برقرار، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان
کراچی:
کراچی میں شدید گرم و مرطوب موسم کا سلسلہ برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ جنوب مغرب یعنی سمندری سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 65 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جس سے حبس اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کے علاوہ مغربی سمت سے بھی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح کل تک سندھ کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 13 جون تک شدید گرمی کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
ہیٹ ویو الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ کے اکثر اضلاع میں 12 جون تک درمیانی سے شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی این پی