33 کروڑ روپے فراڈ کے کیس میں 4 بینکرز کی ضمانت منظور
کراچی:
33 کروڑ روپے کے فراڈ سے متعلق کیس میں 4 بینکرز کی ضمانت عدالت نے منظور کرلی۔
اسپیشل بینکنگ کورٹ میں 330 ملین روپے کے بینک فراڈ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 4 بینکرز ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ملزمان کو فی کس 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ملزمان میں عائشہ خالد، رانا شاہان، امان اور عنبرین شامل ہیں۔
پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے کا مرکزی ملزم عاطف نقوی جیل میں ہے۔ ملزمان کو ایف آئی اے بینکنگ سرکل نے اپریل میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم عاطف نے نجی بینک افسران کی مدد سے نجی پاور کمپنی کی جعلی چیک بک نکلوائی اور اس کے ذریعے 330 ملین روپے اکاؤنٹ میں منتقل کروا لیے۔
پراسیکیوشن کے مطابق رقم کی منتقلی کے بعد بینک انتظامیہ نے پاور کمپنی کو آگاہ کیا۔ نجی کمپنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس رقم کا کوئی چیک جاری نہیں کیا۔ نجی پاور کمپنی کا اکاؤنٹ خیابان شہباز میں ہے۔ ملزمان نے جعلی چیک بک بینک افسران کی ملی بھگت سے نکلوائی تھی۔
پی این پی