News Views Events
Apna Watan

شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سفیر عاصم افتخار سے ملاقات

0

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کی دعوت پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور انہیں تنظیم کے کام، بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ میں اس کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی جارحانہ اور دلکش بیٹنگ، شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور طاقتور شاٹس کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں کرکٹ شائقین کو مسحور کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی سماجی بہبود کی کاوشوں نے بالخصوص محروم طبقات کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

گفتگو کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل سفارت کاری کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر مختلف قوموں اور عوام کو قریب لاتے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل امن، خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جن میں کثیرالجہتی نظام کے فروغ، مکالمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی فعال کاوشیں شامل ہیں۔

شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کی دعوت اور پرتپاک میزبانی پر سفیر عاصم افتخار احمد اور پاکستان مشن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی اہم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشن اقوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ تنازعات کے پرامن حل کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔

اس دورے نے اس مشترکہ سوچ کی عکاسی کی کہ کھیل اور سفارت کاری عوام اور اقوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور ایک زیادہ پُرامن اور تعاون پر مبنی عالمی ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

اس موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون، پاکستان مشن کے افسران اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔


پی این پی
Leave A Reply

Your email address will not be published.