امریکہ کی سعودی عرب جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں قائم امریکی سفارت خانے نے ملک کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق سفارت خانے کی جانب سے جاری نئی سفری ہدایات میں امریکی شہریوں کو سعودی عرب جانے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا گیا ہے۔ ہدایات میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث امریکی مفادات کو درپیش ممکنہ خطرات، مسلح تنازعات، دہشت گردی اور مقامی قوانین سمیت مختلف عوامل کا حوالہ دیا گیا ہے۔امریکی سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خطرات کی سطح یکساں نہیں، جبکہ یمن سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں صورتحال زیادہ حساس ہے۔ امریکی شہریوں کو یمن کی سرحد کے قریب سفر سے مکمل طور پر گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ ان علاقوں میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔
دوسری جانب یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے مغربی ساحلی علاقوں اور آبنائے باب المندب میں اپنی موجودگی اور کنٹرول کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے ان کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔حوثی گروپ سعودی عرب کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی کر چکا ہے۔ اسی دوران یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے مکہ مکرمہ کی جانب ایک ڈرون روانہ کیا تھا۔ترجمان کے مطابق ڈرون کو مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.