اسلام آباد(نعیم اختر) پاکستان مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور علاقائی رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین، پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، سابق وفاقی وزیر اور سنیٹر نیلوفر بختیار، نائب صدرمہرین ملک آدم، انیلہ ایاز چوہدری، سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک، سابق وفاقی وزیر و سینیٹر نیلوفر بختیار،حامد نواز راجہ، پنجاب کے صدر ملک ثمین، سندھ کے صدرسرائے نیاز خاصخیلی، چمن سے پارٹی رہنما رفیع اللہ، یوتھ ونگ کے صدرکامران سعید عثمانی، رحیم اعوان، فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کے صدر رضوان صادق خان، جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر،عاطف مغل اور دیگر رہنماؤں و کارکنان نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے محترمہ نیلوفر بختیار کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ دوبارہ اپنے سیاسی گھر واپس آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رہنما اور کارکنان چوہدری شجاعت حسین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، نوجوانوں کو پارٹی کے ساتھ جوڑیں اور تنظیم کو مزید مضبوط بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ خدمت، شرافت اور عوامی فلاح کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم اپنے والد چوہدری شجاعت حسین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ چوہدری شجاعت حسین آج بھی چوہدری ظہور الٰہی کے نظریات کے امین ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں صنعتی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سیالکوٹ میں جدید صنعتی زون قائم کیا جا چکا ہے جہاں تیار ہونے والی مصنوعات امریکہ، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک کو برآمد کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین میں بھی جلد صنعتی زون قائم کیا جائے گا جبکہ فیصل آباد کے صنعتی زون کی تعمیر و مرمت جاری ہے جس کے باعث صنعتکار دوبارہ سرمایہ کاری کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز مستقبل کی ضرورت ہیں اور پنجاب حکومت ای وی سیکٹر کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور متعلقہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ کسانوں کو زرعی قرضوں، ٹریکٹرز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ریلیف دیا جا رہا ہے جبکہ صحت کے شعبے میں جدید ہسپتالوں کے قیام سمیت کئی اہم منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں محترمہ نیلوفر بختیار کو پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور عوامی رابطوں میں وسعت آئے گی۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ متحرک ہوں اور پاکستان مسلم لیگ کو ملک بھر میں ایک فعال، منظم اور مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
تقریب سے محمد طارق حسن، مسز فرخ خان، نیلوفر بختیار اور رضوان صادق خان نے بھی خطاب کیا اور پاکستان مسلم لیگ کے نظریے، تنظیمی استحکام اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کو ملک بھر میں مزید مضبوط، فعال اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان جماعت بنایا جائے گا۔