ایرانی فٹبال ٹیم کا ڈریسنگ روم میں امریکا کیلیے ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام سامنے آگیا
بیلجیئم سے ڈرا میچ کے بعد ایرانی فٹبال ٹیم کا لاس اینجلس میں ڈریسنگ روم کے اندر ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام سامنے آگیا۔
اس میں لاس اینجلس کی مہمان نوازی پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا گیا کہ ٹیم فخر اور وقار کے ساتھ یہاں سے رخصت ہو رہی ہے، ہزاروں سال قدیم فارس سے لے کر آج کے مہذب ایران تک ہمارے ملک کی روح زندہ اور ثابت قدم ہے، لاس اینجلس، آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ، ہم فخر کے ساتھ یہاں آئے، عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔
پیغام میں ان ایرانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنھوں نے دونوں میچز میں ٹیم کی بھرپور حمایت کی، تمام اقوام کے درمیان امن، احترام اور دوستی کی دعا بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ گروپ جی میں ایران کے اب تک دونوں میچ امریکا کے لاس اینجلس میں کھیلے گئے ، ٹیم میچز کے درمیان اپنے میکسیکو میں قائم بیس کیمپ واپس جاتی رہی، امریکی پابندیوں کے تحت وفد کے بعض عہدیداروں اور معاون عملے کے ارکان کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پی این پی