پاکستان میں انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کی سہولیات میں نمایاں اضافہ، عالمی درجہ بندی بھی بہتر
پاکستان کی آئی ٹی یو آئی سی ٹی ڈیولپمنٹ انڈیکس 2026 میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جہاں ملک کا اسکور 56.4 سے بڑھ کر 67.7 تک پہنچ گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 20 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کنیکٹیویٹی کے شعبے میں پاکستان نے 22.8 پوائنٹس کی بہتری حاصل کی، جس کے بعد میننگ فل کنیکٹیویٹی اسکور 79 تک جا پہنچا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی درجہ بندی میں اندازاً 27 درجے بہتری بھی دیکھی گئی ہے۔
آئی ٹی یو انڈیکس میں یہ پیش رفت ڈیجیٹل پاکستان کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر کنیکٹیویٹی نوجوانوں، طلبہ، فری لانسرز اور کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ حکومت ملک بھر میں سستی، قابلِ اعتماد اور معیاری ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئی ٹی یو انڈیکس میں بہتری سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے۔
پی این پی