News Views Events
Apna Watan

فیفا ورلڈ کپ، سابق عالمی چیمپئن اسپین نے 16 سال بعد راؤنڈ 16 میں قدم رکھ دیے

0


LOS ANGELES:

اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں 16 سال بعد پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسٹریا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل  کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور مسلسل دباؤ کے بعد 36ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔

مارک کوکوریلا کے شاندار لو کراس پر میکل اویارزابال نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں بھی اسپین کا دباؤ برقرار رہا اور 66ویں منٹ میں خوبصورت ٹیم ورک کے بعد الیکس بائنا کے کراس پر رائٹ بیک پیڈرو پورو نے ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول اسکور کر دیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں مارک کوکوریلا نے ایک بار پھر عمدہ پاس دیا جس پر میکل اویارزابال نے اپنا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنے گولوں کی تعداد چار کر دی۔

اسپین کو پہلے ہاف میں ایک گول بھی ملا تھا تاہم وی اے آر کے بعد اسے فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔

آسٹریا کے گول کیپر الیگزینڈر شلیگر نے کئی شاندار سیوز کر کے اپنی ٹیم کو مزید نقصان سے بچانے کی کوشش کی لیکن اسپین کی مسلسل برتری کے سامنے وہ بھی بے بس دکھائی دیے۔

آسٹریا جو 1954 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا تھا پورے میچ میں خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکا۔

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھے میچ میں بھی کلین شیٹ برقرار رکھی اور میکسیکو کے ساتھ دفاعی کارکردگی میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.