ملک بھر کے لیے بجلی 2 روپے 52 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں جمع کرا دی۔
نیپرا کے مطابق درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 47 روپے 37 پیسے میں بنی، ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست کے مطابق ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی بنائی گئی، فرنس آئل پر فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فرنس آئل سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی جبکہ پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد بجلی بنائی گئی۔
درخواست کے مطابق نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی، نیوکلیئر ذرائع سے فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔
جولائی میں ڈیزل سے بھی بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی بنائی گئی جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔
نیپرا میں اس حوالے سے درخواست کی سماعت 27 اگست کو ہو گی اور منظوری کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
پی این پی