News Views Events
Apna Watan

لاکھوں افراد رواں ماہ ایک نایاب مکمل سورج گرہن کے نظارے کا مشاہدہ کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)رواں ماہ 12 اگست کو دنیا کے مختلف حصوں میں لاکھوں افراد ایک نایاب مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کریں گے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق یہ فلکیاتی منظر چند مخصوص ممالک اور خطوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، جہاں چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ لے گا۔رپورٹس کے مطابق مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین، شمالی بحرِ اوقیانوس اور شمالی روس کے بعض علاقوں میں نظر آئے گا۔ اس دوران سورج کا روشن حصہ مکمل طور پر چھپ جائے گا اور چند لمحوں کے لیے اس کا بیرونی روشن ہالہ، جسے کورونا کہا جاتا ہے، نمایاں دکھائی دے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عرب ممالک میں یہ مکمل سورج گرہن دکھائی نہیں دے گا، تاہم شمالی افریقا کے بعض علاقوں میں جزوی سورج گرہن کا نظارہ ممکن ہوگا۔ خاص طور پر الجزائر کے کچھ مقامات پر سورج کا تقریباً 96 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا، جو اس خطے میں سب سے نمایاں منظر تصور کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح مراکش کے دارالحکومت رباط میں سورج کا تقریباً 88 فیصد حصہ گرہن کی لپیٹ میں آئے گا، جبکہ تیونس میں یہ تناسب تقریباً 50 فیصد اور موریطانیہ میں تقریباً 46 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ماہرین فلکیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو بغیر حفاظتی انتظامات کے براہِ راست دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس نایاب فلکیاتی منظر کا مشاہدہ صرف منظور شدہ سولر ایکلیپس چشموں یا دیگر محفوظ مشاہداتی آلات کے ذریعے ہی کیا جانا چاہیے۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.