درآمدی گندم کی قیمت مقامی گندم سے زیادہ ہوگی، وفاقی وزیر کا اعتراف
وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر نے اعتراف کیا ہے کہ درآمدی گندم کی قیمت مقامی گندم سے زیادہ ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سید حسین طارق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی غذائی تحفظ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے بتایا کہ وزیراعظم بھی گندم کی سپورٹ پرائس کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت نے گندم خریدی تھی جبکہ پنجاب نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فی من گندم 3200 روپے میں خریدی تھی۔
رکن کمیٹی رانا حیات نے پوچھا کہ ابھی ملک میں گندم موجود ہے تو باہر سے کیوں خرید رہے ہیں؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے صوبوں کو خط لکھے کہ اگر گندم نہیں مل رہی تو قیمت 3800 من کر دیتے ہیں کسی صوبے نے کوئی جواب نہیں دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ گندم درآمد کرنے کے حوالے سے صوبوں سے ذخائر بارے پوچھا ہے، آزاد کشمیر اور گلگت کی گندم نکال کر ایک ملین ٹن گندم وفاق کے پاس پڑی ہے، بیرون ملک سے گندم 4200 سے 4300 روپے فی من پڑے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی گندم کی قیمت پینتالیس سو روپے فی من کردیں تو کسان مہنگی کھاد بھی ڈال لے گا اور گندم سرپلس ہوجائے گی۔
پی این پی