News Views Events
Apna Watan

سپریم کورٹ: پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کی ضمانت منظور

0


اسلام آباد:

سپریم کورٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری جلت خان کی ضمانت منظور کرلی، ملزم کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں اس حوالے سے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کے پاس خاتون سے شادی کا نکاح نامہ تک نہیں، ملزم نے نکاح نامہ 2024ء میں بنوایا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ دیہاتوں میں کون نکاح نامے بنواتا ہے؟ ملزم کے وکیل نے کہا کہ عورت کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے، 1993ء میں شادی ہوئی لیکن نکاح نامہ نہیں بنایا گیا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ دو ہائی کورٹس نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے کو ڈومیسائل دینے کا کہا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ مرد کے پاس پاکستان آنے کا کوئی ثبوت نہیں، مرد کے پاس افغان پاسپورٹ بھی نہیں۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ سرکار نے ہی افغانوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی تھی، راشن بھی دیا گیا اور کچھ خود بھی کھایا، دو بچے موجود ہیں شادی کا اور کیا ثبوت چاہیے؟ اگر ملزم کی کوئی دستاویز نہیں تو آپ نے کیسے افغان ڈکلیئر کردیا؟

عدالت نے 20 ہزار کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.