News Views Events
Apna Watan

کراچی میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

0

ربیع الاول کے سلسلے میں کراچی کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ میمن مسجد سے برآمد ہوگیا، جلوس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی سندھ، میئر کراچی اور کمشنر کراچی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہیں۔

جماعت اہلِ سنت پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی جلوس شاہ عبد الحق کی قیادت میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی میمن مسجد پہنچے اور مرکزی جلوس میں شرکت کی، ان کے ہمراہ سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور ریاض شاہ شیرازی بھی موجود ہیں۔

گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی بھی میمن مسجد پہنچ گئے اور مرکزی جلوس میں شریک ہوئے۔

جلوس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ کائنات ہمارے نبی کی وجہ سے تشکیل دی گئی، ایک دوسرے کا خیال رکھنا پیغام مصطفیٰ ہے۔ اس دن کا احترام ہم پر فرض ہے، تمام مُسْلِم اُمَّہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو سندھ حکومت کی جانب سے عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جماعت اہلسنت کے مرکزی جلوس میں شرکت کی سعادت ہوئی، یہ جلوس صدیوں سے نکلتا ہے۔

مرکزی جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جلوس کی گزرگاہوں کی سوئپنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

جلوس کے راستوں پر شرکا کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژنز کے مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہے۔

جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جہاں درود و سلام، نعت خوانی اور میلاد کی محافل کا سلسلہ جاری ہے۔

پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.