News Views Events
Apna Watan

کراچی میں سگریٹ کی غیرقانونی فیکٹری پکڑی گئی، 20 کروڑ کی مشینری و مال برآمد

0


اسلام آباد:

ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس ٹو (آر ٹی او ٹو) نے غیر قانونی سگریٹ کی تیاری اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارکر 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشینری، خام و تیار مال ضبط کرلیا، اس فیکٹری سے قومی خزانے کو 1 ارب 20 کروڑ کا نقصان پہنچا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کراچی میں ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس ٹو (آر ٹی او ٹو) نے غیر قانونی سگریٹ کی تیاری اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملیر کے علاقے میں قائم غیر قانونی سگریٹ بنانے والی فیکٹری سیل کردی۔

کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ اسکواڈ، آر ٹی او ٹو کراچی اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک (آئی آر ای این) نے کی۔ کارروائی کے دوران فیکٹری میں موجود پلانٹ اور مشینری کے علاوہ خام اور تیار سگریٹ کا اسٹاک بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ضبط کی گئی مشینری میں سگریٹ بنانے والی مشینیں، پیکنگ مشینیں، ٹوکن مشینیں، فلٹر مشینیں، ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز اور دیگر متعلقہ آلات شامل ہیں جن کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ فیکٹری سے تقریباً 700 کلو گرام خام تمباکو بھی برآمد ہوا۔ ابتدائی جائزے کے مطابق فیکٹری میں نصب پلانٹ اور مشینری کی پیداواری صلاحیت تقریباً 7 لاکھ سگریٹ اسٹکس روزانہ تھی جو سالانہ تقریباً 20 کروڑ سگریٹ اسٹکس کی پیداوار کے برابر بنتی ہے۔

غیر قانونی سگریٹ سازی کے باعث قومی خزانے کو سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے کے ریونیو نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، انفورسمنٹ اسکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کیا اور تمام پلانٹ، مشینری اور اسٹاک قبضے میں کرلیا۔ بعد ازاں ملوث افراد کے خلاف خصوصی جج کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن، کراچی کی عدالت میں ایف آئی آر درج کرکے فوجداری کارروائی شروع کردی۔

ضبط کی گئی مشینری کو قانونی طریقہ کار کے مطابق فیکٹری سے مکمل طور پر اکھاڑ کر خام اور تیار مال سمیت آر ٹی او ٹو کراچی کے سرکاری احاطے میں منتقل کردیا گیا، کارروائی ان لینڈ ریونیو کے ڈپٹی کمشنر باقر علی کی سربراہی میں کی گئی، جبکہ اس کی نگرانی آر ٹی او ٹو کراچی کے چیف کمشنر ظفر رفیق نے کی۔

کارروائی کی کوآرڈینیشن ڈاکٹر اسلم مری، کمشنر ان لینڈ ریونیو، آر ٹی او ٹو کراچی/ریجنل کوآرڈینیٹر آئی آر ای این سندھ و بلوچستان نے کی غیر قانونی سگریٹ سازی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری تحقیقات جاری ہیں۔

ریجنل ٹیکس آفس ٹو کراچی نے غیر قانونی سگریٹ سازی، غیر قانونی تمباکو تجارت اور ٹیکس چوری کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.