مسلم لیگ (ق) سندھ کی نئی صوبائی تنظیم کی ازسرِنو تشکیل، آصف جمال قریشی صدر اور آفاق احمد خٹک جنرل سیکرٹری منتخب
کراچی (سٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کی نئی صوبائی تنظیم کی ازسرِنو تشکیل کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مسلم لیگ سندھ کی جنرل کونسل نے آصف جمال قریشی کو صوبائی صدر جبکہ آفاق احمد خٹک کو صوبائی جنرل سیکرٹری بمنتخب کر لیا۔ جس کا باقاعدہ اعلان صوبہ سندھ کی جنرل کونسل کے لیے قائم انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن کے چئیرمین غلام مصطفیٰ ملک نے ممبران انیس بابر اور عامر ایڈوکیٹ کے ہمراہ کیا،
انہوں نے بتایا کہ آصف جمال اور آصف خٹک کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے لہذا وہ آصف جمال قریشی کو بلامقابلہ صدر اور آفاق خان خٹک کو بلامقابلہ جنرل سیکرٹری صوبہ سندھ منتخب ہونے کا اعلان کرتے ہیں، اس موقع پر اراکین جنرل کونسل نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری پر اعتماد کی قرارداد بھی منظور کرلی،
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر گزشتہ ماہ سنیر نائب صدر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مسلم لیگ سندھ کی تنظیم تحلیل کرکے محمد کامران سعید عثمانی کی سربراہی میں پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی تھی ، جس نے سندھ بھر سے مسلم لیگی کارکنان، عہدیداران اور ذمہ داران کی آراء اور تجاویز کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی اور سندھ تنظیم کے قیام کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن تشکیل دے کر نئی صوبائی قیادت منتخب کرلی،آرگنائزنگ کمیٹی نے پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہنمائی اور مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین کی ہدایات کی روشنی میں اپنا ٹاسک کامیابی سے مکمل کرلیا جس پر اراکین سندھ کونسل نے انہیں مبارکباد دی، کمیٹی کے چیرمین کامران سعید عثمانی نے کہا کہ سندھ میں جماعت کی ازسرِنو تنظیم کا مقصد مسلم لیگ (ق) کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانا ہے۔ہم نے تنظیم سازی کے تمام مراحل میں جماعت کے مخلص، باصلاحیت، نظریاتی اور دیرینہ کارکنان کے مفادات کو مقدم رکھا، اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اسے پھر سے مقبول جماعت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی نے کہا کہ پارٹی میں سازشی عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، سندھ میں مسلم لیگ (ق) کو نچلی سطح تک فعال اور مستحکم کرنے کے لیے مؤثر تنظیمی حکمتِ عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ جماعت کے منشور، نظریات اور عوامی خدمت کے جذبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ مرکزی راہنماء حافظ عقیل جلیل نے کہا کہ مسلم لیگ ملک وقوم کا درد رکھنے والی جماعت ہے، چوہدری شجاعت حسین ایک ہمدرد راہنماء ہیں انکی ہدایت پر پارٹی رابطوں کو موثر بنائیںگے، پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے نومنتخب صدر آصف جمال قریشی نے کہا کہ قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، مخلص ساتھیوں کے ساتھ مل کر جماعت کو سندھ میں متحرک اور متبادل سیاسی قوت بنائیں گے،
آصف جمال
نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے تمام کارکنان جماعت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ نئی صوبائی تنظیم میں مخلص، نظریاتی، باصلاحیت، فعال اور متحرک کارکنان کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ضلعی اور تحصیلی سطح پر جماعتی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
نومنتخب جنرل سیکرٹری آفاق احمد خٹک نے صوبائی کونسل کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان کے لیے باعثِ اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ کارکنان کو متحرک کیے بغیر کسی بھی سیاسی جماعت کو نچلی سطح پر مضبوط نہیں بنایا جا سکتا، اس لیے کارکنان سے مسلسل رابطے اور ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ مسلم لیگ کے سنئیر راہنماء نعمت خان خلجی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ایک جمہوری اور منظم جماعت ہے اور سندھ میں تنظیم سازی کا عمل بھی باہمی اعتماد، مشاورت، میرٹ اور جماعت کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا۔صوبائی راہنماء صادق شیخ نے کہا کہ سندھ بھر کے تمام مخلص کارکنان کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی آراء، تجاویز اور جماعتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ، سنئیر راہنماء چوہدری مظہرالحق اور ناصر بلوچ نے پارٹی قیادت کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور نومنتخب صدر و جنرل سیکرٹری کو اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایا۔مسلم لیگ کراچی ڈوئژن کے سابق صدر جمیل احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ اب حقیقی طور پر فعال ہوگی، شعبہ خواتین کی راہنماوں بسمہ ہوتی، ریحانہ رسول، ڈاکٹر حمیرا، مینارٹیز ونگ کے راہنماء مکھیا عالم چند، سنئیر راہنماء شاہد عباسی، سید مشرف،انیس بابر، عامر ایڈوکیٹ نے اس موقع پر مختلف قرارداوں اور تقاریر میں پارٹی فیصلے کا خیر مقدم کیا اور پارٙٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا.