News Views Events
Apna Watan

بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما سردار اکبر خان خروٹی کی چوہدری سالک حسین اور غلام مصطفیٰ ملک سے اہم ملاقات

0

بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما اور خروٹی قبائل کے چیف سردار اکبر خان خروٹی خلجی نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے اہم ملاقات کی، جبکہ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفیٰ ملک سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال، صوبے کو درپیش مسائل، قومی و علاقائی امور اور عوامی مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار اکبر خان خروٹی نے مسلم لیگی رہنماؤں کو بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان کے مسائل اور عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر سردار اکبر خان خروٹی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان مسلم لیگ نے ماضی میں بھی بلوچستان کے مسائل کے حل اور صوبے میں سیاسی ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، اب بھی بلوچستان کو قومی رہنماؤں کی توجہ اور عملی کردار کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک محب وطن اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، انہیں بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے اور صوبے میں امن و سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

سردار اکبر خان خروٹی نے کہا کہ بلوچستان کی نظریں قومی رہنماؤں کی طرف ہیں، ملک کے تمام سیاسی رہنماؤں کو صوبے کے مسائل کے حل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سردار اکبر خان خروٹی کو یقین دہانی کروائی کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان میں امن، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان پاکستان مسلم لیگ غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ ہمارے دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بلوچستان کے عوام کے مسائل اور مشکلات کو پوری سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سردار اکبر خان خروٹی کی جانب سے بلوچستان کے حوالے سے پیش کیے گئے تحفظات اور تجاویز کو پارٹی قیادت، بالخصوص چوہدری شجاعت حسین تک پہنچاؤں گا۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں، مسافروں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور قابلِ مذمت فعل ہے۔ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محب وطن بلوچوں اور پختونوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی قابل قبول نہیں، بلوچستان کے عوام کو امن، ترقی، انصاف اور مساوی مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے سیاسی و جمہوری ذرائع سے مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.