اسلام آباد :ملک کے ممتاز صنعتکار اور سینٹرل چئیرمین، ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) میاں اکرم فرید نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان بے انتہا صلاحیت کے حامل ہیں اور پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔
اس ضمن میں وفاقی حکومت نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے متعدد تربیتی پروگرام منعقد کر رہی ہے، تاکہ قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کو تیار کیا جاسکے۔ اس بات کا اظہار انھوں نے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لُک ٹرائینگل اور آئی ٹی یو سی ایشیا کے سیکرٹری جنرل شُویا یوشیدا اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت سالک حسین کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دیئے گئے عشائیہ میں کہی۔
انھوں نے معزز مہمانان گرامی کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستانی صنعتی شعبے اور آئی ٹی یو سی کے ساتھ مزید مضبوط شراکت کی خواہش کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اوریورپی و ترقی یافتہ ممالک کی تر جیہات و قوانین سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت سالک حسین اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قیمتی زر مبادلہ لانے کے لئےوزیر اعظم میاں شہباز شریف کے ویژن کی تکمیل کے لئے وزارت سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت ہنر مند افراد کے لیے خصوصی کورسز کروارہی ہے تاکہ ترسیلات زر میں اضافہ ہویہی وجہ ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ ماہ ملکی خزانے میں ریکارڈ چار بلین ڈالرسے زائد کی خطیر رقم کا اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں ایک اعشاریہ پندرہ ارب ڈالر زیادہ ہے
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مزدوروں کے حقوق کے لیے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کی عالمی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان مزدوروں کے حقوق کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انکی وزارت کی خصوصی کاوشوں سے اس وقت ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ اس سال سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے 38 بلین ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر متوقع ہے ۔ انھوں نے وفاقی حکومت کی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بنائی گئیں پالیسیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔
انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لُک ٹرائینگل نے پاکستان کی مضبوط جمہوری اقدار کا اعتراف کرتے ہوئے ملک میں مزدوروں اور ملازمین کے حقوق کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 ملین پر مشتمل فعال افرادی قوت میں ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ مزدوروں کو درپیش ملازمت کے تحفظ، مناسب اجرت اور کام کے بہتر ماحول جیسے متعدد چیلنجز پر توجہ دی جائے۔ سیکرٹری جنرل نے خاص طور پر وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات کو سراہا جن کا مقصد بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سالک حسین نے معزز مہمانان کو انکے دورے کی یاداشت پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر صدر ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) ملک طاہر جاوید نے تمام مہمانان گرامی کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ عشایئے میں سیکریٹری وزارت سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت ڈاکٹر ارشد محمود، سیکریٹری ورکرز ویلفئیر فنڈ ذوالفقار احمد، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر گیر تھامس ٹونسٹول ، ای او بی آئی بورڈ آف ٹرسٹیز ممبر چوہدری نسیم، جنرل سیکریٹری پاکستان ورکرز فیڈریشن ظہور اعوان، سابق وزیر برائے صنعت شہزاد احسن ، سابق سفیر شاہد کیانی، جنرل سیکریٹری پاکستان یونائیٹد ورکرز فیڈریشن سعد چوہدری، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر رافت فرید،ممتاز صنعتکار کاشف فرید، صنعتی اور لیبر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔