لاہور (اسپورٹس ڈیسک)— پنجاب یونیورسٹی میں نیدرلینڈ (ہالینڈ) کے مایہ ناز ہاکی اولمپین بوولینڈر کی آمد پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ڈچ سفیر ہینی فوکل اور معروف فٹبالر کائنات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی نمائندگی خواجہ جنید اور رضوان انور نے کی۔ اس خصوصی موقع پر ہاکی، فٹبال اور باسکٹ بال کے نمائشی میچز کا اہتمام کیا گیا جن میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔
ہاکی میچ میں ایک ٹیم کی نمائندگی خود بوولینڈر نے کی جبکہ دوسری ٹیم میں خواجہ جواد شامل تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑی 30 برس بعد ایک دوسرے کے مدمقابل آئے، جس پر شائقین میں خاصی دلچسپی دیکھی گئی۔
بوولینڈر نے نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کے داؤ پیچ سکھائے اور کہا: "لاہور آکر بہت خوشی ہوئی، یہ وہی شہر ہے جہاں میں نے 1990 کے ہاکی فائنل میں دو گول کیے تھے۔” انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔
ڈچ ایمبیسیڈر ہینی فوکل نے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کا ماحول متاثر کن ہے۔
ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور نے کہا کہ "ہم وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ویژن کے مطابق کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں۔”
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر شبیر سرور کی دعوت پر ڈچ ایمبیسیڈر اور اولمپین بوولینڈر نے پنجاب یونیورسٹی کا دوبارہ دورہ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
پاکستانی چمپئن باکسر محمد وسیم کا بلوچستان میں عالمی باکسنگ ایونٹ کرانے کا اعلان