مظفر آباد(رپورٹ احمد حسن)آزاد جموں و کشمیر کا78 واں یوم تاسیس کل ملی جوش و خروش اور تجدید عہد کے ساتھ منایا جائےگا۔
آزاد کشمیر کے 78ویں یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ، اس موقع کی مناسبت سے صبح کا آغاز دعائیہ تقریبات سے ہوگا، دعائیہ تقریبات میں پاکستان اور کشمیر کی سلامتی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا جائیں گی۔
یاد رہے کہ 24 اکتوبر 1947 کو ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے تسلط کے خلاف کشمیری مسلمانوں نے مسلح جدوجہد کر کے ریاست جموں و کشمیر کا ایک حصہ آزاد کروایا تھا، تاریخی لحاظ سے کشمیر میں مسلمانوں کے اکثریت تھی جبکہ 1947 میں کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا الحاق بھارت سے کر دیا تھا۔
بھارت کے قبضے کے خلاف کشمیریوں نے 1947 میں تحریک آزادی شروع کی اور مقامی رہنماوں نے اس علاقے کے لیے الگ شناخت اور حکومت قائم کرنے کی کوشش کی، 1947 میں کشمیری عوام اور قبائلی لشکر نے مل کر بھارتی افواج کے خلاف کھڑے ہونے کی جرات کی۔
24 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں نے مظفر آباد میں اپنی حکومت کا اعلان کیا، یوم تاسیس 1947 کی وہ عظیم تاریخ کی یاد دلاتا ہے جب کشمیری عوام نے اپنی خود مختاری کا اعلان کیا، آزاد کشمیر کی جنگ آزادی میں کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔
24 اکتوبر 1947 کو سردار ابراہیم خان کی قیادت میں آزاد حکومت قائم ہوئی، آزاد کشمیر حکومت کا قیام، مظلوم کشمیریوں کی فتح اور خودمختاری کی جانب یہ پہلا قدم تھا۔
ہر سال یوم تاسیس کے موقع پر کشمیر کی تاریخی جنگ آزادی کی یاد تازہ کی جاتی ہے، آزاد جموں و کشمیر حکومت کا قیام کشمیری عوام کے جذبے اور قربانیوں کا نتیجہ تھا، یوم تاسیس کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے جب کشمیریوں نے آزادی کی راہ پر قدم بڑھایا تھا۔
اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے وزیر اعظم آزادکشمیر کا یوم تاسیس پر پیغام
مظفر آباد:وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادجموں وکشمیرکے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ان عظیم شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے اس خطے کو آزاد کرایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو پچھلے 78 سال سے بھارتی فوج کے محاصرے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کبھی بھی تحریک آزادی کشمیر کے جھنڈے کو سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور اس جدوجہد میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے مقبوضہ کشمیر کے ان بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کیا جو بھارتی افواج کے سامنے سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمارے آباؤ اجداد نے اس خطے کو آزاد کرایا، تو وہ شدید مشکلات اور بے سروسامانی کے عالم میں تھے، مگر ان کی قربانیوں نے آزادی کی راہ ہموار کی۔ ان قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں اور ان کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد حکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے اور ہماری حکومت کی اولین ترجیح یہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کے ہٹ دھرم اور ظالمانہ رویے نے کشمیری عوام کو مجبور کیا کہ وہ اپنی آزادی کی جدوجہد کو مزید تقویت دیں۔ کشمیر کے عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو ایک نئی تاریخ بخشی، جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں مشکل ہی سے ملے گی۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد سے مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
آزاد کشمیر کے نوجوان عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے تیار ہوں، چوہدری یٰسین
اسلام آباد :صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آزاد کشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریکِ آزادی کشمیر کا مضبوط بیس کیمپ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو صرف سیاسی نعروں پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ مسئلہ کشمیر کی تاریخ، قربانیوں اور جدوجہد کے اصل پس منظر کو سمجھنا چاہیے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنا مؤقف بہتر انداز میں پیش کر سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری کردہ ایک پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ کشمیری عوام بدترین محاصرے، میڈیا بلیک آؤٹ اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا شکار ہیں، ان حالات میں آزاد کشمیر کے عوام اور قیادت کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کو اس حقیقت سے آگاہ کریں کہ مسئلہ کشمیر کوئی علاقائی تنازع نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا معاملہ ہے۔
چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کی اصولی حمایت پر رکھی تھی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنے دورِ حکومت میں مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کیا۔ آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت ہر جگہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مخالفت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آزاد کشمیر کے اندر سیاسی اختلافات نے ہماری قومی یکجہتی کو کمزور کیا ہے۔ ہمیں باہمی تنازعات سے اوپر اٹھ کر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور میڈیا کی تربیت دی جائے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی آواز دنیا تک پہنچا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اپنی سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ آزاد کشمیر ہی تحریکِ آزادی کشمیر کی حقیقی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز کی آزاد جموں و کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر کشمیری عوام اور حکومت آزاد کشمیر کو مبارکباد
کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کے موقع پر کشمیری عوام اور حکومتِ آزاد کشمیر کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام کی آزادی، خودمختاری اور عزم و استقامت کی علامت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 24 اکتوبر 1947 وہ تاریخی دن ہے جب کشمیری عوام نے ظلم و جبر کے خلاف علم آزادی بلند کیا اور اپنی آزاد حکومت کی بنیاد رکھی جو آج بھی اْن کی جدوجہدِ آزادی کی زندہ مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ہمیشہ سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گی ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کے سنہری ابواب میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یومِ تاسیس آزاد کشمیر ہمیں اتحاد، استقامت اور قربانی کے اْس جذبے کی یاد دلاتا ہے جو آزادی کی بنیاد بنا اور آج بھی یہ جذبہ مظلوم کشمیریوں کی امید کا سرچشمہ ہے۔