اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے الحاق کا بل امن عالم کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد
پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے صدر سردار رضوان صادق خان اورسیکرٹری اطلاعات ونشریات انجینئر مطیع اللہ خان نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے الحاق کے بل کی منظوری کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور امن عالم کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پارٹی قیادت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے الحاق کا بل نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے بلکہ یہ عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہے۔اس اقدام سے فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں اور مشرق وسطی میں کشیدگی کو مزید ہوا دی جا رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سمیت صدر ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدام کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کریں تاکہ فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ واضح ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کو سبوتاژ کر دے گا۔