کراچی(سٹاف رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ اوورسیز برطانیہ کا اعلی سطح وفد سینئر رہنما ڈاکٹر شوکت علی شیخ کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر ہے، جہاں وفد پارٹی کے تنظیمی معاملات اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے متعلق اہم مشاورتی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ وفد میں محمد شفیق صدر برمنگھم سمیت دیگر رہنما بھی شامل ہیں۔

وفد نے کراچی میں مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل طارق حسن سے خصوصی ملاقات کی، جس میں تنظیمی ڈھانچے کی بہتری، اوورسیز ونگ کی کارکردگی، نئے عہدیداروں کے نوٹیفیکیشن اور ملک گیر تنظیم سازی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد نے تنظیمی عہدوں کے نوٹیفیکیشن میں غیر معمولی تاخیر کے مسئلے کو بھی بھرپور انداز میں اٹھایا کیونکہ انٹرا پارٹی انتخابات کو تقریباً چھ ماہ گزر جانے کے باوجود بہت سے عہدیداروں کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث کارکنان اور حق دار عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ اوورسیز یوکے ونگ پارٹی کی مضبوطی کے لیے ہر فورم پر سرگرم ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ملاقات میں تنظیمی امور کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پارٹی کو زیادہ فعال بنانے کے لیے اوورسیز رہنما مسلسل قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وفد نے آخر میں مسلم لیگ (ق) کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ملکی سلامتی کے لیے پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔