15 دن کے ویزے پر 33 سال تک جاپان میں رہنے والا شخص گرفتار؛ پولیس کو کیسے چکمہ دیا؟
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ٹوکیو: جاپان میں طویل عرصے سے غیر قانونی طور پر مقیم جنوبی کوریا کے 72 سالہ شہری مون جونگ گی کو بالآخر پولیس نے گرفتار کرلیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی پولیس نے مون جونگ گی کو 26 اگست 2026 کو شیزوکا پریفیکچر کے شہر یائیزو سے حراست میں لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جون 2026 میں جاپان میں ایک مشتبہ غیر قانونی تارک وطن کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں، جن کا رخ بالآخر مون جونگ گی کی جانب ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق مون ستمبر 1993 میں بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں اپنے چھوٹے بھائی کے پاسپورٹ پر جاپان پہنچا تھا۔ اسے ملک میں صرف 15 روز قیام کی اجازت حاصل تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی وہ جنوبی کوریا واپس نہیں گیا اور جاپان میں غیر قانونی طور پر مقیم رہا۔پولیس کے مطابق مون جونگ گی نے اپنے خلاف عائد الزامات کو تسلیم کرلیا ہے۔ تاہم حکام یہ جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں کہ وہ اتنے طویل عرصے تک قانونی رہائشی دستاویزات کے بغیر جاپان میں کس طرح قیام کرتا رہا۔
مقامی میڈیا کے مطابق مون نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے مختلف عارضی اور یومیہ اجرت والے کام کیے اور اس دوران اپنی شناخت اور موجودگی کو حکام سے چھپائے رکھا۔ پولیس نے تاحال یہ تفصیلات سامنے نہیں لائیں کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں میں کہاں کہاں رہائش پذیر رہا اور کن مقامات پر کام کرتا رہا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ مون کے جاپان میں قیام کا عرصہ تقریباً 33 سال بنتا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے موجودہ فوجداری کیس میں تقریباً 26 سال کی غیر قانونی رہائش کا ذکر کیا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق جب مون 1993 میں جاپان پہنچا تھا تو ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود ملک میں موجود غیر ملکیوں کی تعداد موجودہ دور کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھی۔ جاپانی وزارت انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق 1993 میں ایسے افراد کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 646 تھی، جو جنوری 2026 تک کم ہوکر 68 ہزار 488 رہ گئی۔مون کے خلاف غیر قانونی قیام کی پوری مدت کو موجودہ فوجداری الزام میں شامل نہ کیے جانے کے پیچھے قانونی وجہ بھی موجود ہے۔ جاپان میں امیگریشن قوانین میں ترمیم کے بعد فروری 2000 سے غیر قانونی رہائش کو فوجداری جرم کے طور پر سزا کے دائرے میں شامل کیا گیا تھا۔
اسی قانونی تبدیلی کے باعث مون کے خلاف موجودہ مقدمے میں غیر قانونی قیام کی مدت فروری 2000 کے بعد کے عرصے سے شمار کی جارہی ہے۔ پولیس اب مزید تحقیقات کررہی ہے کہ مون نے کئی دہائیوں تک قانونی حیثیت کے بغیر جاپان میں رہتے ہوئے حکام کی نظروں سے خود کو کیسے پوشیدہ رکھا۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.