اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی فرخ خان نے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی صدارتی ایوارڈ یافتہ ارفع کریم کو ان کی 14ویں برسی کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ا رفع کریم پاکستانی نوجوانوں بالخصوص پاکستانی خواتین اور بچیوں کی ذہانت، محنت اور بے پناہ صلاحیتوں کی روشن مثال تھیں، جنہوں نے ثابت کیا کہ خواتین ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے میدان میں کسی سے کم نہیں۔
ارفع کریم رندھاوا کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں فرخ خان نے کہا کہ ارفع کریم نے نہایت کم عمری میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارفع کریم رندھاوا نے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی نوجوان، خصوصاً لڑکیاں، اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ ان کی کامیابیاں آج بھی ہمارے نوجوانوں اور خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ ارفع کریم کا خواب ایک جدید، علم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ پاکستان تھا۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم پنجاب کی ہر بیٹی کے لیے مثال ہیں،
انہوں نے ارفع کریم کے والدین اور اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قوم بالخصوص ہماری بچیوں اور خواتین کو علم و تحقیق کے میدان میں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔انہوں نے ارفع کریم پاکستان کی ہونہار اور ذہین ترین بیٹی تھیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ارفع کریم کو پاکستان کی قابلِ فخر اور باعثِ ناز بیٹی قرار دیا۔