مظفرآباد : ممبر کور کمیٹی شوکت نواز میر کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بارے میں دیے گئے بیان پر شہریوں اور کشمیری عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کا فخر اور عالمی سطح پر ملک کی پہچان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شوکت نواز میر کے بیانات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں کیونکہ ان کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے ملک میں انتشار کو تقویت ملی ہے۔ عوامی حلقوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے اعلیٰ عسکری عہدے پر فائز شخصیت کے خلاف اس طرح کی گفتگو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
کشمیر کے مختلف علاقوں سے آنے والے ردعمل میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل کا مقام نہایت بلند ہے اور دشمن بھی ان سے خوفزدہ رہتا ہے، اس لیے شوکت نواز میر کو اپنی حیثیت کے مطابق گفتگو کرنی چاہیے۔ شہریوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں اپنی حکومت سے کوئی مطالبہ کرنا ہے تو وہ اپنی سطح پر کریں، قومی شخصیات کے بارے میں غیر محتاط زبان استعمال کرنا افسوسناک ہے۔
عوامی حلقوں نے شوکت نواز میر کے لب و لہجے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اسے "چھوٹا منہ بڑی بات” سے تعبیر کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں گے۔ شہریوں نے اس گفتگو کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسی بیانات کا نوٹس لیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔