News Views Events

آسٹریلوی اداکارہ کے کیٹی پیری پر ہراسانی کے سنگین الزامات، پولیس کی تحقیقات

0

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ کیٹی پیری ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئی ہیں، جہاں آسٹریلوی اداکارہ روبی روز کے سنگین الزامات کے بعد پولیس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روبی روز نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متعدد پوسٹس میں دعویٰ کیا کہ کئی سال قبل میلبورن کے ایک نائٹ کلب میں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا۔ 
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس واقعے کو طویل عرصے تک چھپائے رکھا، تاہم اب تقریباً دو دہائیوں بعد انہوں نے اس بارے میں بات کرنے کا فیصلہ کیا۔

روبی روز نے اپنی پوسٹس میں یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے اثرات نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور یہی وجہ تھی کہ وہ اتنے برس خاموش رہیں۔ انہوں نے 14 اپریل کو بتایا کہ وہ اپنی تمام رپورٹس مکمل کرچکی ہیں اور اب پولیس کی ہدایت کے مطابق اس معاملے پر مزید عوامی گفتگو نہیں کر سکتیں۔

دوسری جانب کیٹی پیری کی ٹیم نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’بے بنیاد اور خطرناک جھوٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ گلوکارہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ روبی روز ماضی میں بھی مختلف شخصیات پر سنگین الزامات عائد کرتی رہی ہیں، جنہیں متعلقہ افراد نے مسترد کیا ہے۔

آسٹریلوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس مبینہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق میلبورن کی جنسی ہراسانی اور بچوں کے استحصال کی انویسٹی گیشن ٹیم اس کیس کی چھان بین کر رہی ہے، جو مبینہ طور پر 2010 میں میلبورن کے ایک مقام پر پیش آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں، اس لیے مزید تفصیلات فراہم کرنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم اس معاملے نے عالمی شوبز انڈسٹری میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.