سدھو موسے والا کا نیا گانا ریلیز سے پہلے ہی چھا گیا، صرف دو منٹ میں ٹیزر کے لاکھوں ویوز
بھارتی پنجاب کے معروف اور مقتول گلوکار سدھو موسے والا ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہوگئے، جب ان کے نئے گانے ’’آئیز آن می‘‘ کا ٹیزر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا کرگیا۔
طویل عرصے سے اس گانے کا انتظار کیا جا رہا تھا، اور جیسے ہی اسے ریلیز کیا گیا، مداحوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لے لیا۔ رپورٹس کے مطابق صرف دو منٹ کے اندر اس ٹیزر نے یوٹیوب پر ایک لاکھ بیس ہزار ویوز حاصل کرلیے، جبکہ انسٹاگرام پر بھی اسے ہزاروں لائیکس ملے۔ اور تین دن میں اس ویڈیوز کو اکتیس لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے۔ محض 34 سیکنڈ کے اس ٹیزر میں ایکشن اور سنسنی سے بھرپور مناظر دکھائے گئے ہیں، جس نے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ویڈیو کا آغاز ایک نقاب پوش شخص سے ہوتا ہے جو ہاتھ میں پستول تھامے پنجاب کے نقشے پر ضلع مانسا کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے بعد موسے والا کو جیپ چلاتے اور مخالفین کا سامنا کرتے دکھایا گیا ہے، جہاں وہ خود کو بچانے کے لیے فائرنگ کرتے نظر آتے ہیں۔ ٹیزر میں شامل ایک ’’بول‘‘ نے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کی ’’منڈا بلیک کیٹ تیری، تیرے گولی مروا دو گی۔‘‘
ذرائع کے مطابق اس گانے میں ممکنہ طور پر گلوکار کے قتل اور اس سے قبل ہونے والی مبینہ سازشوں کی جھلک بھی پیش کی گئی ہے، جس نے اس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
یاد رہے کہ موسے والا کی سابقہ میوزک ویڈیوز بھی عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو پر ایک کروڑ سے زائد کمنٹس بھی کیے گئے تھے۔
گلوکار کے انتقال کے بعد اب تک ان کی ٹیم بارہ گانے جاری کرچکی ہے، اور ہر ریلیز کو مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک منفرد ہولوگرام ورلڈ ٹور کی بھی تیاری جاری ہے، جس کے تحت تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے موسے والا کو اسٹیج پر دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
متوقع طور پر اس ٹور میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا، تاہم ان کی موسیقی آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے اور ہر نئی ریلیز کے ساتھ ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
پی این پی