گرانفروشی ناقابل برداشت،عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے،شفقت محمود
مہنگی روٹی نان فروخت پر نان بائیوں کو جرمانے ، 1دکان سیل،عوام کولوٹنے کی کسی کو اجازت نہیں ، سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ وتحصیلدار
فتح جنگ (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر اٹک اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے معمول کے مطابق بازاروں کا دورہ کیا جہاں پر روز مرہ کی کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں ، ریٹ لسٹوں اور کولٹی کا تفصیلی جائزہ لیا ،چیکنگ کے دوران متعدد دکانداروں کو سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے، مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے اور ریٹ لسٹ چھپانے پر سخت وارننگ جاری کی گئی، جبکہ بعض دکانداروں کو موقع پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھی گئی، جہاں بعض اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے پر ایکشن لیا گیا۔تحصیلدار و اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے شہریوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیا کی خریداری بھی کروائی تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر ضروری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور منافع خوری کا خاتمہ ہو۔ عوامی شکایات پر نان سنٹر پر نان اور روٹیوں کی قیمتوں اور وزن کی چیکنگ کی جہاں پرریٹ میں دس روپے مہنگے ریٹ دیکھنے کو ملے نان ،تندوری پراٹھوں اور روٹی کے ریٹ میں فرق تھا جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے سخت کاروائی کرتے ہوئے جرمانے کیے اور کرم خان روڈ پر موجودنان سنٹر کو جرمانہ اور سیل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پورے شہر میں چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دکاندار سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں پر اشیا فروخت کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستی، معیاری اور ضروری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔