یوم مئی، محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، شرجیل میمن
کراچی:
یوم مئی کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے بغیر پائیدار ترقی کا تصور ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی قربانیوں، جدوجہد اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکاگو کے شہداء کی قربانیوں نے دنیا بھر کے محنت کشوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے ایک نئی راہ دکھائی جس کی بدولت آج مزدور تحریک ایک مضبوط آواز بن چکی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ نے ہمیشہ محنت کشوں اور کسانوں کی فلاح کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت میں اضافہ، لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور مزدوروں کو صحت و مالی سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل ٹریننگ پروگرامز، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور خواتین مزدوروں کے لیے خصوصی سہولیات حکومت سندھ کی مزدور دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہیں۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے یہ اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ مزدور اور کسان طبقے کو مضبوط بنا کر ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جائے گا۔
پی این پی