راکھی ساونت کے رشتے کی حقیقت کیا تھی؟ دودی خان نے خاموشی توڑ دی
پاکستانی اداکار اور فٹنس ٹرینر دودی خان نے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی جانب سے سامنے آنے والی شادی کی خبروں پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے اصل حقیقت بیان کر دی۔
دودی خان، جو ڈراموں اور فلموں میں اپنی منفرد شخصیت کے باعث پہچانے جاتے ہیں، رواں سال اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب راکھی ساونت نے ان سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی۔ یہ معاملہ پاکستان اور بھارت دونوں میں سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث رہا، تاہم بعد ازاں دودی خان نے اس رشتے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دودی خان نے کہا کہ راکھی ساونت حقیقت میں ویسی نہیں جیسی وہ میڈیا پر نظر آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ٹیٹوز اور میڈیا امیج دیکھ کر ان کے بارے میں بھی غلط رائے قائم کر لیتے ہیں، لیکن حقیقی زندگی میں وہ کافی سنجیدہ اور ڈسپلنڈ انسان ہیں۔
اداکار کے مطابق جب لوگ ان سے ملتے ہیں تو ان کی سوچ بدل جاتی ہے، اور بالکل اسی طرح راکھی ساونت بھی حقیقت میں نہایت نرم مزاج، مخلص اور خوش اخلاق خاتون ہیں۔ دودی خان نے بتایا کہ راکھی ان کی اچھی دوست ہیں اور ہمیشہ دوست رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں کے درمیان قریبی دوستی موجود ہے، لیکن ہر بات میڈیا پر بیان نہیں کی جا سکتی کیونکہ سوشل میڈیا پر لوگ باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔
دودی خان نے ایک مارننگ شو میں بھی راکھی ساونت کے حوالے سے مثبت خیالات کا اظہار کیا تھا، جبکہ میزبان نادیہ خان نے بھی راکھی کے پاکستان سے متعلق مثبت مؤقف کو سراہا تھا۔
واضح رہے کہ دودی خان جلد عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’زومبیڈ‘ اور گرین انٹرٹینمنٹ کے نئے ڈرامے ’ایک محبت اور‘ میں دکھائی دیں گے۔
پی این پی