News Views Events
Apna Watan

زخمی کھلاڑی کو میدان سے لے جانے والی گاڑی نے دوسرے کھلاڑی کو ٹکر مار دی

0

ایکواڈور میں کھیلے گئے فٹبال میچ کے دوران ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب زخمی کھلاڑی کو میدان سے باہر لے جانے والی میڈیکل کارٹ نے ایک دوسرے کھلاڑی کو ٹکر مار دی۔

یہ واقعہ لیگا پرو کے میچ میں پیش آیا جہاں ایل ناسیونال اور لیگا ڈی پورٹوویجو کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

میچ کے 71ویں منٹ میں پورٹوویجو کی ٹیم 0-1 کی برتری حاصل کیے ہوئے تھی کہ اسی دوران ایک زخمی کھلاڑی کو طبی امداد کے لیے کارٹ پر میدان سے باہر منتقل کیا جانے لگا۔

رپورٹس کے مطابق 36 سالہ فٹبالر ایڈیسن کائیسیڈو میدان میں چلتے ہوئے کسی سے بات چیت میں مصروف تھے اور انہیں اندازہ نہیں ہو سکا کہ میڈیکل کارٹ ان کی جانب آ رہی ہے۔

غفلت کے باعث وہ سیدھا کارٹ کے راستے میں آ گئے اور ٹکر لگنے سے زمین پر گر پڑے۔

واقعے کے بعد کائیسیڈو نے اپنی ٹانگ پکڑ لی جبکہ ٹیم کے اہلکار فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچ گئے۔

 بعض افراد نے کارٹ چلانے والے ڈرائیور پر ناراضی کا اظہار کیا تاہم ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ کھلاڑی خود کارٹ کے سامنے آ گئے تھے اور ڈرائیور کے پاس بچنے کا زیادہ موقع نہیں تھا۔

خوش قسمتی سے کائیسیڈو کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی اور وہ معمولی تکلیف کے باوجود میچ مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کا اختتام پورٹوویجو کی 0-1 سے فتح پر ہوا۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.