News Views Events
Apna Watan

ڈاکٹر شوکت علی کی کاوش رنگ لے آئی، ددیال آزادکشمیر میں دل کے ہسپتال پر اتفاق

0

لاہور(نمائندہ اپنا وطن ) پاکستان مسلم لیگ(ق) اوورسیز یوکے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت علی نے لاہور کے ڈیفنس گارڈن (ڈوائن گارڈن) میں سابق گورنر پنجاب، سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور سرور فاؤنڈیشن کے سربراہ چوہدری محمد سرور سے اہم ملاقات کی۔میاں وحید صاحب صدر پاکستان مسلم لیگ ق لاھور بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور سماجی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش طبی سہولیات کی کمی اور ددیال سمیت میرپور ڈویژن میں جدید امراضِ قلب کے علاج کی ضرورت پر خصوصی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر شوکت علی نے چوہدری محمد سرور کی توجہ ددیال کشمیر میں دل کے امراض کے لیے ایک جدید ہارٹ ہسپتال کے قیام کی جانب مبذول کروائی اور اس اہم عوامی منصوبے کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ اس پر چوہدری محمد سرور نے اصولی طور پر ددیال کشمیر میں ہارٹ ہسپتال کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ حکومتِ آزاد کشمیر سے متعلقہ انتظامی اور قانونی امور کے حل کے بعد سرور فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اس منصوبے کو عملی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ددیال اور گردونواح کے عوام کو امراضِ قلب کے علاج کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جبکہ مجوزہ ہسپتال کے قیام سے ہزاروں افراد کو مقامی سطح پر معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
ڈاکٹر شوکت علی نے چوہدری محمد سرور اور سرور فاؤنڈیشن کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، خصوصاً صاف پانی، صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں اور فلاحی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چوہدری محمد سرور نے عوامی خدمت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکومتی امور کے حل کے بعد ددیال میں ہارٹ ہسپتال کے قیام کی جانب عملی پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.