فرخ خان کی کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب حملے کی شدید مذمت
خواتین کے تحفظ کے لیے قانون پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے: رکن قومی اسمبلی
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی فرخ خان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے تیزاب کے ہولناک حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
فرخ خان نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین پر تشدد کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسے جرائم سے قانون کی پوری قوت کے ساتھ نمٹا جانا چاہیے ۔۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پر اس نوعیت کے پرتشدد واقعات معاشرتی بےحسی اور قانون کے کمزور نفاذ کی عکاسی کرتے ہیں، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری، مؤثر اور سخت اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کو اس ظلم و بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جان بچانے والے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس نوجوان نے بروقت اور جرات مندانہ اقدام کرکے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
فرخ خان نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔